ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میٹرو اسمارٹ کارڈاستعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ روزانہ 1700؍کارڈ فروخت ہوتے ہیں: بی ایم آرسی ایل

میٹرو اسمارٹ کارڈاستعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ روزانہ 1700؍کارڈ فروخت ہوتے ہیں: بی ایم آرسی ایل

Sat, 20 Oct 2018 12:33:08    S.O. News Service

بنگلورو20؍ اکتوبر(ایس او نیوز) بنگلوروشہر میں میٹرو ٹرین سرویس کا آغاز 8؍ سال قبل ہوا تھا اس کے بعد سے اب تک بنگلور میٹروریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) نے 14؍ لاکھ اسمارٹ کارڈس فروخت کئے ہیں اور سب سے زیادہ کارڈس حالیہ سالوں میں ہوئے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ 2017ء میں میٹرو کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اس میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اسمارٹ کارڈ استعمال کرنے والوں کی تعدادمیں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ افسران نے مزید بتایا کہ میٹرو ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کا اوسط 3.9؍ لاکھ ہے۔ اوربس میں سفر کرنے والے ٹوکن کے ذریعہ سفرکرنے کی بجائے اسمارٹ کارڈ کے ذریعہ سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس سے ان کو بہت سہولت ہوتی ہے اور رعایت بھی ہوتی ہے۔ ایگزی کیٹیو ڈائرکٹر (دیکھ بھال)اے ایس شنکر نے بتایا کہ نما میٹرو کے ذریعہ سفر کرنے والے 70؍ فیصد مسافر اسمارٹ کارڈ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک دور میں ہم روزانہ 1000؍ کارڈ فروخت کرتے تھے اب یہ تعداد بڑھ کر 1500؍ سے 1700؍ روزانہ ہوگئی ہے۔ اور بعض اوقات یہ تعداد 2000؍ تک پہنچ جاتی ہے۔ اسمارٹ کارڈس میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے پیش نظر بی ایم آر سی ایل نے اس کے لئے سہولتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ تمام میٹرو اسٹیشنوں کے ٹکٹ کاؤنٹروں پر اس سلسلہ میں خصوصی نوٹس چسپاں کی جاتی ہے اور اس کے لئے خصوصی کاؤنٹرس بھی رکھے گئے ہیں۔ اسمارٹ کارڈ کے بہت فائدے ہیں اس کے لئے مسافروں کو 15؍ فیصد رعایت دی جاتی ہے اور ان کو ٹوکن خریدنے والوں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہونے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔ اور ان کا سفر بہت آسان ہوتا ہے۔ اس دوران میٹرو میں سفر کرنے والوں کی جانب سے ایسے اسمارٹ کارڈس کا مطالبہ کیا جارہا ہے جسے نما میٹرو اور بی ایم ٹی سی بسوں کے لئے استعمال کیا جاسکے۔ مگر افسران کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس کے لئے وقت لگ سکتا ہے۔ ایک مسافر سہانہ جو روزانہ میٹرو کے ذریعہ سفر کرتی ہے کہنا ہے کہ میں بیاپنہلی تک میٹرو ٹرین سے سفر کرتی ہوں وہاں سے مجھے اپنے کام کی جگہ تک جانے کے لئے بی ایم ٹی سی بس سے سفر کرنا پڑتا ہے۔ اگر انتظامیہ دونوں کے لئے ایک ہی کارڈ کے ذریعہ سفر کرنے کی سہولت فراہم کرے تو بہتر ہوگا۔

ایگزی کیٹیو ڈائرکٹر شنکر نے بتایا کہ میٹروٹرینوں میں کوچس کا اضافہ کرکے 6؍ کرنے سے مصروف اوقات میں بھیڑ کو کم کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔ خصوصیت کے ساتھ میجسٹک میٹرواسٹیشن سے مسافروں کی ایک بڑی تعداد سفر کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے ہم صبح اور شام کے مصروف اوقات میں 6؍ بوگیاں استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 6؍ ڈبوں کی تیسری ٹرین کی تیاری کاکام مکمل ہوچکا ہے اور اسے تجربہ کے طور پردوڑایا جارہا ہے۔ اور بہت جلد اسے شروع کردیا جائے گا۔ اوراکتوبر کے اواخرتک یہ ٹرین دوڑنا شروع ہوجائے گی۔ اس کی سہولتوں کے پیش نظر نما میٹرو میں سفرکرنے والے مسافروں کی تعداد اوسطاً 3.6؍ لاکھ سے بڑھ کر 3.9؍ لاکھ ہوگئی ہے اور 6؍ ڈبوں والی ٹرینوں کے اضافہ سے مسافروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ 


Share: